پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان نے بالی ووڈ میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔
اداکارہ ریما خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سے متعلق اظہار خیال کیا۔
ریما سے سوال کیا گیا کہ بالی ووڈ سے آفرز آتی ہیں؟ اگر آتی ہیں تو بالی ووڈ میں کام کیوں نہیں کیا؟
انہوں نے بتایا کہ بالی ووڈ سے کئی آفرز ہوئی تھیں مگر میرے خیال میں بھارت کے پاس پہلے ہی کئی باصلاحیت فنکار موجود ہیں اس کے باوجود بھی وہ پاکستانی فنکار سے کام لینا چاہتے ہیں۔
ریما خان نے کہا کہ بھارت میں کام کا طریقہ جو میں نے دیکھا ہے اس سے مجھے یہی احساس ہوا کہ عقلمندی اسی میں ہے کہ وہاں نہ جایا جائے، ہماری انڈسٹری چھوٹی ہے لیکن باعث عزت ہے، ایسے محل کا کیا فائدہ جہاں جاکر شرمندگی کا احساس ہو۔
اداکارہ نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کو عزت دی جاتی ہے لیکن وہاں کئی ایسے گروپ بھی موجود ہیں جو پاکستانیوں کو بالی ووڈ میں کام کرتے دیکھنا نہیں چاہتے اور ان گروپ کی وجہ سے پاکستانی فنکار کی زندگی کو خطرہ بھی لاحق ہوجاتا ہے۔
واضح رہے کہ ریما خان متعدد پاکستانی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔