لارڈز: آل راؤنڈر شعیب ملک اپنے ون ڈے کیریئر کا آخری میچ بھی نہیں کھیل سکے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے شعیب ملک کو آخری میچ کھلانے سے صاف انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آل راؤنڈر شعیب ملک کو آخری میچ کھلانے کے لیے تین سینئر کھلاڑیوں نے درخواست کی تھی لیکن ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے صاف انکار کردیا۔
ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ آخری میچ جیتنا چاہتے ہیں اس لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
شعیب ملک کی ورلڈ کپ میں پرفارمنس انتہائی مایوس کن رہی ہے، بھارت کے خلاف آخری میچ میں وہ صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ شعیب ملک کا یہ آخری ورلڈ کپ تھا وہ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان پہلے ہی کرچکے ہیں۔
شعیب ملک نے 14 اکتوبر 1999 میں ون ڈے کرکٹ کا آغاز کیا، انہوں نے 19 سالہ ون ڈے کیریئر میں 287 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 34.55 کی اوسط سے 7 ہزار 534 رنز بنائے اور 158 وکٹیں حاصل کیں۔
شعیب ملک نے اپنے ون ڈے کیریئر میں 9 سنچریاں اور 44 نصف سنچریاں بنائیں ان کا سب سے زیادہ اسکور 143 رنز تھا۔