لاہور: بچوں کے لیے حفاظتی حصار سمجھی جانے والی ماں شقی القلب بن گئی، اپنے 2 معصوم بچوں کو ماں نے پانی کی ٹینکی میں ڈبو دیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پیش آیا، جس میں ماں ہی کے ہاتھوں دو بچے قتل ہو گئے، بچوں کو پانی کی ٹینکی میں ڈبونے کے بعد ماں نے بھی خود کشی کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کو قتل کرنے والی ملزمہ نے شوہر کے ساتھ جھگڑا کیا تھا جس کے بعد اس نے بچوں کو پانی کی ٹینکی میں ڈبو دیا اور اپنی جان لینے کی بھی کوشش کی، تاہم وہ بچ گئی اور اسے زخمی حالت میں ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تازہ ترین: 7 سال کی معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، ملزم گھر کا فرد نکلا
پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت 4 سالہ ابراہیم اور 5 سالہ مہوش کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو ٹیم کا کہنا تھا کہ بچوں کی لاشیں ٹینکی سے ملیں، قتل کے بعد خاتون نے اپنی گردن پر چھری مار کر خود کشی کی کوشش کی تھی۔ پولیس نے بچوں کی لاشیں قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
بچوں کے دادا عطا اللہ نے پولیس کو بچوں کے قتل پر مقدمے کے لیے درخواست دے دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ قتل کا واقعہ شوہر اور بیوی میں جھگڑے کے باعث پیش آیا، ماں نے جھگڑے کے بعد بچوں کو پانی کی ٹینکی میں پھینک کر قتل کیا۔
واضح رہے کہ آج راولپنڈی میں بھی ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، ڈھوک چوہدریاں میں 7 سال کی ایک معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دی گئی، قتل کے الزام میں بچی کے چچا کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔