لاہور : وفاقی محتسب کے سربراہ سلمان فاروقی نے کاہ ہے کہ پاکستان میں محتسب کا ادارہ 15 یوم کے اندر انصاف فراہم کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلمان فاروقی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں محتسب کے ہاں انصاف کی فراہمی کےلیے 90 دن کا نظام موجود ہے تاہم پاکستان میں محتسب 15 روز کے اندر انصاف فراہم کردیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’میرے دور میں اب تک مختلف محکموں کے خلاف 2 لاکھ 49 ہزار مقدمات کا فیصلہ ہوچکا ہے بقیہ دیگر کیسز پر تیزی سے کام جاری ہے اور ادارے کے افسران نیک نیتی اور ایمانداری کے ساتھ اپنے امور سرانجام دے رہے ہیں‘‘۔
سلمان فاروقی نے مزید کہا کہ ’’ملک کے تمام ائیرپورٹس پر وفاقی محتسب کے دفاتر قائم کردیے گئے ہیں، جس سے سول ایوایشن اور ائیرلائنز کے خلاف موصول ہونے والی شکایات میں 70 فیصد کمی آئی ہے، اس کے برعکس ماضی میں دس سال تک وفاقی محکموں کے خلاف شکایات پر فیصلے زیر التواء تھے‘‘۔
سلمان فاروقی نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اب بجلی ، گیس ، ایف آئی اے، بادرا، سول ایوی ایشن، ائیرلائنز ایمیگریشن کے خلاف شکایات وفاقی محتسب کو دی جاسکتی ہیں تاکہ سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کیا جاسکے،انہوں نے وفاقی محتسب کی جانب سے عوام کو یقین دہانی کروائی کہ موصول ہونے والی شکایات کا ازالہ مقررہ وقت پر کیا جائے گا‘‘۔