تازہ ترین

بیوی نے ڈنڈے مار مار کر شوہر کی ٹانگ توڑ ڈالی، وجہ جانتے ہیں؟

بھارت میں بیوی نے اپنے شوہر کی ٹانگ توڑ ڈالی جس کی وجہ یہ ہے کہ اس کا شوہر شراب کا عادی تھا اور گھر کا خرچ نہیں دیتا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارت کے ضلع موتی پور تھانے کے علاقے میں پیش آیا جہاں پڈاریا گاؤں میں چندراوتی نامی خاتون نے اپنے شوہر کی شراب نوشی سے تنگ آکر ڈنڈا اٹھا لیا لیکن یہ ڈنڈا کچھ اتنا زیادہ چل گیا کہ شوہر کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں جس کے بعد بیوی ہی اس کو اسپتال لے کر گئی۔

رپورٹ کے مطابق سنجے جو بھی کماتا تھا وہ گھر میں دینے کے بجائے شراب نوشی میں اڑا دیتا تھا گھر میں بھی کچھ نہیں دیتا تھا اور جب بیوی گھر کے خرچے کے لیے اس سے پیسوں کا تقاضہ کرتی تو وہ شراب پی کر گھر میں غل غپاڑہ کرتا اور بعض اوقات اس سے مار پیٹ بھی کرتا تھا۔

چندراوتی اس روز روز کے تماشے سے تنگ آگئی، بیوی کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو اس نے شرابی شوہر کو سدھارنے اور اسے سبق سکھانے کے لیے ایک روز اس نے ڈنڈا اٹھا لیا پھر یہ ڈنڈا اتنی زور سے چلا کہ سنجے کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔ شوہر کی چیخیں اور کراہنے کی آوازیں سن کر مشرقی بیوی کی طرح چندرا اسے علاقے کے اسپتال لے کر گئی جہاں سے اس کی سنگین حالت دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے بہرائچ ضلع اسپتال ریفر کردیا۔

مذکورہ اسپتال میں ایکسرے اور معائنے کے بعد پتہ چلا کہ سنجے کی ٹانگ ٹوٹ گئی ہے جب کہ بازو کی ہڈی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ زخمی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے چندراوتی کا کہنا ہے کہ اس کا شوہر سنجے شراب کا عادی ہے اور گھر میں بھی کچھ نہیں دیتا، گھر چلانے کے لیے میں خود کماتی ہوں اس کی حرکتوں سے تنگ آکر میں نے اسے مارا اس کا بازو اور ٹانگ ٹوٹ گئی ہے۔

دوسری جانب واقعے کے حوالے سے انچارج انسپکٹر مکیش کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ پولیس کو اس معاملے پر کوئی تحریری درخواست موصول نہیں ہوئی ہے اگر درخواست ملی تو قانون کے مطابق تحقیقات کرکے کارروائی کریں گے۔

Comments

- Advertisement -