اتوار, ستمبر 29, 2024
اشتہار

بیوی کے پولیس میں شکایت درج کروانے پر شوہر نے انتہائی قدم اٹھا لیا

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت کی ریاست تلنگانہ میں بیوی اور سسرال والوں کی جانب سے پولیس میں اپنے خلاف شکایت درج کروانے پر شوہر نے انتہائی قدم اٹھا لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ ضلع جگتیال میں پیش آیا۔ 35 سالہ فردوس کی شادی چند سال قبل کتھلاپور کی رہائشی لڑکی سے ہوئی تھی اور جوڑے کی ایک بیٹی بھی ہے۔

میاں بیوی میں اکثر کسی نہ کسی بات پر جھگڑا ہوتا تھا۔ لڑکی نے گھر والوں کے ہمراہ پولیس تھانے میں شوہر کے خلاف کئی بار شکایت درج کروائی۔

- Advertisement -

چند روز قبل میاں بیوی میں جھگڑا ہوا تو لڑکی سیدھا میکے چلی گئی اور پولیس میں شکایت درج کروائی۔

پولیس کانسٹیبل نے لڑکی کے شوہر کو تھانے طلب کر کے بدتمیزی کی اور ایک موقع پر تھپڑ بھی جڑ دیا۔ اس پر فردوس کافی دلبرداشتہ ہوا اور پھانسی لگا کر موت کو گلے لگا لیا۔

فردوس نے خودکشی کرنے سے قبل ایک نوٹ تحریر کیا جس میں متوفی نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پولیس کانسٹیبل کے خلاف کارروائی کی جائے۔

بھارت میں اس طرح کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل ریاست کیرالہ میں پولیس نے بیوی کے خوف سے فرار ہونے والے شوہر کو ڈیڑھ سال بعد ڈھونڈ نکالا تھا۔

شوہر کی شناخت 34 سالہ نوشاد کے نام سے ہوئی تھی جسے پولیس نے ایک چھوٹے سے گاؤں سے پکڑا تھا۔ نوشاد کی 25 سالہ بیوی افسانہ نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی تھی کہ اس کے شوہر کو کسی نے قتل کر کے دفن کر دیا ہے۔

افسانہ کے بیان پر پولیس نے نوشاد کو ہر جگہ ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن کوئی سراغ نہیں ملا تھا۔

جب پولیس کو تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ نوشاد زندہ ہے اور کسی گاؤں میں پناہ لے رکھی ہے تو افسانہ کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی۔

پولیس ٹیم نے اڈوکی ضلع کے تھڈوپوزا کے قریب گاؤں سے نوشاد کو پکڑا جہاں وہ بھیس بدل کر رہ رہا تھا۔

نوشاد نے پولیس کو بتایا تھا کہ افسانہ کے ڈر سے گھر چھوڑا، وہ کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر مجھے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا کرتی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں