لاہور میں بیوی کو قتل کر کے لاش کو بے دردی سے جلانے کے بعد فرار ہونے والے قاتل شوہر کو پولیس نے 125 گھنٹے بعد گرفتار کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور شہر میں نذیر نامی ملزم نے گزشتہ روز اپنی بیوی نجمہ کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش جلا دی تھی اور خود گھر سے فرار ہو گیا تھا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس پی سٹی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی تھی جس نے ایف آئی آر میں نامزد مقتولہ کے شوہر نذیر اور اس کی دوسری بیوی کو گجرات سے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق نذیر کی 20 سال قبل مقتولہ نجمہ سے شادی ہوئی تھی اور اس اہلیہ سے ملزم کے دو بیٹے ہیں۔
تاہم نذیر نے تین سال قبل دوسری شادی کر لی تھی اور دوسری بیوی کے ساتھ کرائے کے گھر میں رہ رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ گھریلو ناچاقی پر ملزم نے پہلی بیوی کو قتل کیا اور لاش جلانے کے بعد گھر سے فرار ہو گیا تھا۔