جمعہ, جون 28, 2024
اشتہار

وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے ڈیل کر لی، جیل سے رہا

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: وکی لیکس کے بانی جولین اسانج امریکا سے معاہدے کے تحت برطانوی جیل سے رہا ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کو لندن کی ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہائی دے دی، جس کے بعد وہ برطانیہ سے روانہ ہو گئے۔

جولین اسانج نے رہائی کے بدلے امریکی محکمہ انصاف سے اعتراف جرم پر آمادگی کی ڈیل کی ہے، 52 سالہ اسانج پر 2010 میں قومی دفاعی معلومات حاصل کرنے اور اسے ظاہر کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا گیا تھا، اب وہ ماریانہ آئی لینڈز کی وفاقی عدالت میں پیش ہوں گے۔

- Advertisement -

معاہدے کے تحت وہ خود پر جاسوسی ایکٹ کے تحت عائد الزام کو تسلیم کریں گے، امریکی محکمہ انصاف سے ڈیل کے سبب اسانج کو مزید سزا نہیں سنائی جائے گی۔ امریکا کا برسوں سے یہ مؤقف رہا ہے کہ وکی لیکس کی وہ فائلیں جن میں عراق اور افغانستان کی جنگوں کے بارے میں معلومات کا انکشاف کیا گیا ہے، زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

جولین اسانج نے گزشتہ پانچ سال برطانوی جیل میں گزارے، جہاں سے وہ امریکا کو حوالگی کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہے تھے۔ وہ برطانیہ میں قید میں گزارے گئے وقت کی وجہ سے اب امریکی قید میں کوئی وقت نہیں گزاریں گے، امریکی محکمہ انصاف کے ایک خط کے مطابق اسانج آسٹریلیا واپس جائیں گے۔

X پر وکی لیکس کی ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسانج پیر کے دن بیلمارش جیل کے اس چھوٹے سے سیل سے آخر کار نکل آئے جس میں انھوں نے 1,901 دن گزارے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں