بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

عمران خان کے لیے سانپ کی کھال والی چپل، وائلڈ لائف کا دکان پر چھاپہ، کاری گر گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

رپورٹ: ظفر اقبال 

پشاور: وزیراعظم عمران خان کے لئے سانپ کی کھال سے بنائی جانے والی چپل کی تشہیر  کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے دکان پر چھاپہ مار کر ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والے چاچا نورالدین نے وزیراعظم عمران خان سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کو عیدپر تحفہ دینے کے لیے خصوصی چپل بنائی۔

دکاندار نے چپل سانپ کی کھال سے بنائی، چاچا نورادلین کی چپل کی خوب تشہیر ہوئی جس کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کے حکام نے نوٹس لیتے ہوئے دکان پر چھاپہ مارا اور ایک کاری گر کو حراست میں لے لیا۔

محکمہ وائلڈ لائف کے ڈی ایف او عبدالحلیم مروت گاہک بن کر چچا نورالدین کی دکان پر گئے اور سب سے مہنگی چپل طلب کی جس پر دکان میں موجود ایک چپل دکھائی گئی اور جب قیمت پوچھی تو چالیس ہزار روپے بتائی گئی۔

وائلڈ لائف کے افسر نے چالیس ہزار روپے قیمت کی وجہ پوچھی تو دکان پر موجود شخص نے بتایا  کہ چپل سانپ کی کھال سے تیار کی گئی جس کے بعد عبدالحلیم مروت نے وائلڈ لائف کی ٹیم کو بلا کر چپل قبضہ میں لی اور دکان پر موجود کاری گر کو بھی حراست میں لے لیا۔

دکان کے مالک چچا نورالدین کو محکمہ وائلڈ لائف نے تفتیش کے لیے کل دفتر طلب کرلیا، تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ  کیا واقعی چپل سانپ کی کھال سے تیار کی گئی اور پھر اس کو تصدیق کے لیے لیبارٹری بھیجا جائے۔

وائلڈ لائف حکام کے مطابق لیبارٹری رپورٹ آنے کے بعد دکاندار کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں