آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں جنگلی سؤروں نے دیہاتی علاقوں کے ساتھ ساتھ اب شہروں کا رُخ کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز مطابق آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں جنگلی سؤروں نے دیہاتی علاقوں کے ساتھ ساتھ اب شہروں کا رخ بھی کرنا شروع کر دیا ہے اور ماہ جنوری میں یہ جانور اب تک 12 سے زائد شہریوں کو زخمی کر چکے ہیں۔
جنگلی سؤروں کے آزادنہ شہروں میں نقل وحرکت پر شہریوں میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے اور انہوں نے حکام سے اس کے تدارک کی اپیل بھی کی ہے۔
گزشتہ روز بھی نکیال میں جنگل سؤر آبادی میں دیکھے گئے اور کوٹلی شہر کے مرکز میں کچہری کے ساتھ گلیوں میں یہ جانور آزادانہ مٹر گشت کرتے پائے گئے ہیں۔
محکمہ وائلڈ لائف نے جنگلی سوروں سے پچنے کے لیے صرف ایس او پیز جاری کی ہیں لیکن ان سے عوام کے تحفظ کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے ہیں۔
حکومت آزاد کشمیر جنگلی سؤروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے خاتمہ کے لیے اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق کی اسمبلی میں پیش کی گئی قرار داد پر 7 رکنی ٹیم تشکیل دے چکی ہے۔ تاہم یہ حکومتی کمیٹی بھی تدارک کے لیے اب تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھا سکی ہے۔