ہیڈکوچ مصباح الحق نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
اکیس دسمبر کو قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم انجری کے باعث ٹی ٹوئنٹی کے بعد پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوئے تھے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز و کپتان بابراعظم انجری کا شکار ہوئے تھے جس کےباعث انہیں 12 دن تک کم از کم آرام کرنا ہوگا۔
بلے باز امام الحق بھی انجری کا شکار ہونے کے باعث پہلے ٹیسٹ کےلیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا گیا ہےکہ شاداب خان انجرڈ ہونے پر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے، ان کی جگہ ظفر گوہر کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق شاداب خان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے بعد بائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی تھی، ایم آر آئی اسکین کے بعد شاداب کی انجری کی نوعیت کا پتہ چلےگا۔
دورہ نیوزی لینڈ: قومی ٹیم کو ایک اور نقصان
ایک انٹرویو میں ہیڈکوچ مصباح الحق نے اس امید کا اظہار کیا کہ بابراعظم کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بابراعظم نے ٹینس بال سے پریکٹس شروع کر دی ہے اور انگوٹھے کا زخم بہتر ہونے پر انہوں نے ہلکی پلکی بیٹنگ بھی کی۔
ہیڈکوچ مصباح الحق پرُامید ہیں کہ بابراعظم دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے اور انہیں کھیلانےکا حتمی فیصلہ معائنے کی رپورٹ آنے کے بعد کیا جائے گا۔