اسلام آباد: وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کرونا کی کچھ حد تک دوسری لہر نظر آرہی ہے، لیکن ابھی تک ایسے حالات نہیں کہ تعلیمی ادارے بند کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ وزارت صحت کی ایڈوائزری کے تحت حالات پر نظر رکھنا ہے، پہلے بھی ہم نے کوویڈ19 کا مقابلہ کیا مستقبل میں بھی کرلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ باقی ملکوں کی مقابلے میں پاکستان کی کارکردگی کی مثال دی جاتی ہے۔
شفقت محمود نے بتایا کہ وزیراعظم کی قیادت میں این سی سی کا اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں تعلیمی اداروں میں ٹیسٹنگ کا بھی جائزہ لیا گیا، عمران خان نے بھی تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا کہا ہے۔
کورونا کی دوسری لہر: وزیراعظم کا کاروبار اور اسکولز کے حوالے سے بڑا اعلان
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت 9 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرونا ایس او پیز پر سخت عمل درآمد کرنا ہوگا، کاروبار، اسکولز اور صنعتیں بند نہیں کریں گے۔