کراچی: وفاقی حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان ڈیلرز کا حتمی مارجن طے کرنے کیلیے جاری مذاکرات کامیاب نہ ہو سکے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک آج پیٹرولیم ڈیلرز سے مذاکرات کیلیے کراچی پہنچے تاہم دونوں کے درمیان مارجن طے نہ ہو سکا۔
پیٹرولیم ڈیلرز پانچ فیصد مارجن پر بضد ہیں جبکہ وزیر مملکت مصدق ملک نے ڈیلرز کو مزید 2 روپے 65 پیسے اضافے کی آفر کر دی۔
- Advertisement -
ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر پر مارجن 6 روپے ہے اور مزید 5 روپے اضافہ مانگا جا رہا ہے۔ 2 روپے 65 پیسے اضافے سے ڈیلرز کا مارجن 8 روپے 65 پیسے ہو جائے گا۔
وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے 5 فیصد اضافے کے مطالبے پر تحفظات کا اظہار کر دیا جس کے بعد خدشہ ہے کہ کل ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند رہیں گے۔