لندن: انگلش ورلڈ کپ وننگ ٹیم کے اسپنر عادل راشد بھی بابر اعظم کے معترف ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق انگلش ٹیم کے لیگ اسپنر عادل راشد نے ایک ٹی وی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی اور بابر اعظم دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
عادل راشد نے کہا کہ لیکن حالیہ فارم کو دیکھتے ہوئے بابر اعظم مختصر فارمیٹ میں ویرات کوہلی سے بہتر ہیں۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس پھیلنے سے قبل دورہ نیوزی لینڈ میں ویرات کوہلی کی فارم متاثر کن نہیں رہی انہوں نے 11 اننگز میں صرف 218 رنز بنائے ہیں۔
مزید پڑھیں: ویرات، اسمتھ کے مقابلے میں بابر اعظم کو بولنگ کرنا مشکل ہے، معروف بولر کا اعتراف
دوسری جانب بابر اعظم نے راولپنڈی میں اس سال بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میں 143 رنز بنائے تھے اس کے بعد وہ پی ایس ایل میں لیگ کی معطلی سے قبل 49.29 کی اوسط سے 345 رنز بنا کر عمدہ فارم میں تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے لیگ اسپنر ایش سودھی نے انسٹاگرام پر لائیو سیشن میں اپنے فائب فائیو کو ترتیب دیا جس میں انہوں نے بابر اعظم کو پہلے نمبر پر رکھا تھا دیگر چار کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی، کین ولیمسن، جو روٹ اور اسٹیو اسمتھ شامل تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر کو بولنگ کرنا واقعی مشکل لگتا ہے، ہم نے بابر اعظم کے خلاف یو اے ای میں گرمی کے سیزن میں کرکٹ کھیلی تھی اور انہوں نے مجھے بہت اچھا کھیلا ہے۔