لندن: کرونا وائرس کے باعث ٹینس کا سب سے بڑا ایونٹ ومبلڈن بھی منسوخ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس نے دنیا بھر کے کھیلوں کو بریک لگادی، ٹینس کا سب سے بڑا ایونٹ ومبلڈن بھی منسوخ کردیا گیا، دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ومبلڈن نہیں ہوگا.
ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ 29 جون سے لندن میں شروع ہونا تھا، 13 جولائی تک گراس کورٹ پر ہونے والے تمام ایونٹس بھی ملتوی کیے جاچکے ہیں۔
کرونا وائرس کے باعث ٹینس کے علاوہ فٹبال ایونٹس بھی منسوخ ہوچکے ہیں، چیمپئنز لیگ اور یورپا لیگ کے میچز بھی اگلے نوٹس تک ملتوی کردئیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: کرونا کا وار، اولمپکس 2020 ایک سال کے لیے ملتوی
آل انگلینڈ کلب انتظامیہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ایونٹ منسوخ ہونا ناگزیر ہے۔
ومبلڈن منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث ومبلڈن گرینڈ سلم ٹینس رواں سال نہیں ہوگا، اس کے علاوہ اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے نے بھی ٹورنامنٹس کی معطلی میں اضافہ کردیا ہے اور اب تمام پروفیشنل ٹینس ٹورنامنٹس 13 جولائی تک معطل رہیں گے۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے باعث ٹوکیو اولمپکس 2020 کو ایک سال کے لیے ملتوی کیا جاچکا ہے جبکہ کرونا وائرس کے سبب ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔