کراچی: بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں آج بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، اور ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں آج شام یا رات سے مزید پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا، خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں 22 جون تک وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی ہے۔
جمعرات سے منگل کے دوران راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب میں بارش کا امکان ہے، جب کہ لاہور اور دیگر شہروں میں بھی 16 سے 21 جون کے دوران بارش کی پیش گوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ موسلا دھار بارش سے راولپنڈی، لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
آج شام، رات سے 23 جون تک کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے، پری مون سون بارشوں سے حالیہ گرمی کی لہر میں کمی آ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب و خیبر پختون خوا، اور گلگت بلتستان اور کشمیر میں آج بارش کا امکان ہے، سندھ اور بلوچستان میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم گرم اور خشک رہےگا۔
محکمہ موسمیات نے پشاور، ایبٹ آباد اور چترال میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے، لاہور، اٹک، جہلم اور مری میں بھی گرج چمک کے ساتھ مینہ برسنے کا امکان ہے، مظفر آباد، سری نگر، گلگت اور ہنزہ میں بھی بارش متوقع ہے۔