دادو: سندھ کے دیگر شہروں کی طرح دادو میں بھی موسم سرما کے پھل پہنچ گئے ہیں، تاہم مہنگائی کے باعث شہری پھل کھانے سے قاصر ہیں۔
ویڈیو رپورٹ کے مطابق دادو میں موسم سرما کے پھل پہنچ گئے ہیں، کینو، سیب، انار اور امرود سمیت مختلف پھلوں کے ٹھیلے سج گئے ہیں، مگر دن بہ دن بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث شہری پھل کھانے سے قاصر ہیں۔
مارکیٹ میں پھل تو پہنچ گئے ہیں مگر خرید و فروخت میں بالکل ہی سست روی نظر آ رہی ہے، شہری کہتے ہیں کہ مہنگائی کے باعث پھل خریدنے میں پریشانی ہو رہی ہے، اگر پھل خریدتے ہیں تو گھر کی سبزی نہیں خرید پاتے۔
سردیاں آتے ہی سردیوں کے ذائقے دار پھل بھی مارکیٹ اور پھر گلیوں تک آ جاتے ہیں، طبی ماہرین ہمیشہ مشورہ دیتے ہیں کہ سردیوں کے پھلوں کا استعمال ضرور کیا جائے کیوں کہ یہ کئی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بہترین ہوتے ہیں۔
ویڈیو رپورٹ: شادیوں کے سیزن میں رنگ برنگی چارپائیوں کی مانگ میں اضافہ
لیکن مہنگائی کا کیا کیا جائے کہ اس نے خریداروں کو پریشان کر رکھا ہے، جس سے پھلوں کے کاروبار سے وابستہ افراد بھی متاثر ہوتے ہیں، اور انھیں مندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت مہنگائی زیادہ ہو گئی ہے اس لیے سردیوں کے پھل خریدنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔