کراچی : سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کردیا ، اسکول کب سے کب تک بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے اسکولوں اور کالجوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا، تمام سرکاری اور نجی اسکول 22 دسمبر 2024 سے 31 دسمبر 2024 تک بند رہیں گے۔
تعطیلات کے بعد تمام تعلیمی ادارے یکم جنوری 2025 (بدھ) سے اپنی باقاعدہ کلاسز دوبارہ شروع کریں گے۔
محکمہ تعلیم سندھ نے اس بات کا اعلان سندھ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن آنے والے دنوں میں کیا جائے گا۔
یاد رہے پنجاب بھر کے پرائیویٹ و سرکاری اسکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا تھا۔
سیکرٹری اسکولز پنجاب خالد نذیر وٹو نے کہا تھا کہ پنجاب بھر کے اسکولوں میں 20 دسمبر سے موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز ہوگا اور چھٹیوں کا سلسلہ 10 جنوری 2025 تک جاری رہےگا، اس سال اسکولوں میں موسم سرما کیلئے 20 دن کی چھٹیاں ہوں گی۔