موسم سرما کی آمد آمد ہے اس موسم میں اکثر لوگ قہوے کا استعمال کثرت سے کرتے ہیں کیونکہ سردیوں میں اسے پینے کا لطف ہی الگ ہے۔
دیگر مشروبات کی بہ نسبت قہوہ ہر فرد آسانی سے پی سکتا ہے، اس کے پینے سے سردی سے چھٹکارے کے ساتھ ساتھ سستی اور کاہلی کو بھگانے کا عنصر بھی شامل ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں حکیم محمد اجمل اسماعیل نے ناظرین کو قہوے کے بیش بہا فوائد سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ لونگ اور دارچینی کا قہوہ سردیوں میں انتہائی فائدہ مند ہے، اور ذائقے کیلئے اس میں شہد شامل کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ پودینے اور ادرک سے بنائے گئے قہوے میں گڑ یا شہد شامل کرکے دن رات استعمال کریں اس سے آپ بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں گے۔
کھانسی اور بلغم کا علاج بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خشک کھانسی کیلیے ’لعوق سپستاں‘اور بلغم والی کھانسی کیلئے ’لعوق خیار شنبر‘بہترین دوا ہے۔