سردی کا موسم آہستہ آہستہ اپنے جوبن پر آرہا ہے ایسے میں گھریلو خواتین کو یہ مسئلہ درپیش ہوتا ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کو غذائیت سے بھرپور کون سے پکوان بنا کر کھلائیں خصوصاً وہ میٹھے پکوان جنہیں بچے اور بڑے سب شوق سے کھائیں۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں پاکستان کی پہلی فیمیل گلوبل شیف کا اعزاز حاصل کرنے والی عائشہ مشتاق نے خواتین کی بڑی مشکل آسان کردی۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ دور میں میٹھے کھانوں کی ایسی ترکیبیں باآسانی مل جاتی ہیں جس میں وقت بھی کم لگتا ہے اور لاگت بھی۔ جیسا کہ پہلے ملتانی سوہن حلوہ بنانے کیلئے کافی وقت اور پیسہ درکار ہوتا تھا لیکن اب ایسا نہیں اسے گھر میں بنایا جاسکتا ہے۔
سوہن حلوہ بنانے کی ترکیب :
عائشہ مشتاق نے گھر میں مزیدار سوہن حلوہ بنانے کی ترکیب بتائی کہ دو کلو خالص دودھ لیں اس کے اندر لیموں نچوڑ کر یا سرکے ڈال کر پھاڑ لیں، دودھ کے پھٹنے کے بعد اسے اسی پانی میں پکالیں۔
جب سارا پانی سوکھ جائے تو اس میں دو سے تین چمچ دیسی گھی ڈال لیں اس کے بعد اس میں کوکو پاؤڈر اور میدہ ڈال کر بھون لیں پھر حسب ذائقہ چینی یا گڑ ڈال کر پکالیں، آپ کا سوہن حلوہ تیار ہے۔ اس کے علاوہ میٹھے کیلئے چینی استعمال کرنا نہیں چاہتے تو اس میں گاجر یا کھجور کا پیسٹ بھی ڈال سکتے ہیں۔
کپ کیک بنانے کی ترکیب :
فیمیل گلوبل شیف نے چند منٹوں میں براؤنی کپ کیک بنانے کی ترکیب بھی بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ایک انڈا کپ میں اچھی طرح پھینٹ لیں اسکے اندر ایک چمچ کوکو پاؤڈر میدہ اور حسب ذائقہ چینی اور ایک چمچ مکھن دال کر مکس کرلیں اور ایک منٹ کیلئے اوون میں رکھ دیں آپ کا کپ کیک تیار ہے۔