محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے کوئٹہ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کا دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حساس اداروں اور سی ٹی ڈی نے کوئٹہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے لیڈیز پارک بلاک 4 سے خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خاتون سے خودکش جیکٹ برآمد کرلی گئی، خفیہ معلومات کی روشنی میں 17 اور 18 فروری کی درمیانی رات آپریشن کیا گیا، خاتون مہبل زوجہ بیباگر کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل ایف سے ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ خاتون کوئٹہ میں کسی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتی تھی، خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، پیدل چلنے والی خاتون کی خواتین سکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے تلاش لی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ تلاشی پر خودکش جیکٹ برآمد ہوئی جس کا وزن 4 سے 5 کلو گرام تھا، نیٹ ورک کے باقی ارکان کی گرفتاری کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی۔