ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

مینار پاکستان پر خاتون سے دست درازی : سپریم کورٹ انسانی حقوق سیل کا نوٹس

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : مینار پاکستان پر ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے دست درازی کے واقعے سے متعلق تفتیشی حکام نے 320 ویڈیوز اور 60 تصاویر اکٹھی کرکے نادرا کو شناخت کےلیے بھجوا دیں۔

تفصیلات کے مطابق مینارپاکستان پرٹک ٹاکرعائشہ اکرم سے دست اندازی کے واقعے پر سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل نے نوٹس لے لیا، جس کے بعد آئی جی پنجاب کی جانب سے انسانی حقوق سیل میں واقعے کی رپورٹ جمع کروائی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی جامع تحقیقات کیلئے4خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جس کے بعد تفتیشی ٹیم نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور متاثرہ خاتون کا میڈیکل بھی کرایا گیا۔

انسانی حقوق سیل میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کےلیے 30 ویڈیوز اور 60 تصاویر شناخت کےلیے نادرا بھجوائی گئیں جس کے ذریعے نادرا نے 9 افراد کی شناخت کیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نادرا کی شناخت پر 9 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جب کہ ان کی نشاندہی پر مزید افراد کو پکڑا گیا۔

آئی جی پنجاب نے انسانی حقوق سیل میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا کہ تاحال 92 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے جیوفنسنگ ڈیٹا اکٹھا کیا گیا اور شام ساڑھے 6 سے 7 چالیس تک 28 ہزار سے زائد افراد کا کال ڈیٹا اکٹھا کیا گیا اور سات سو سے زائد افراد کو مشکوک قرار دیا گیا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ بلاتفریق کارروائی کےلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور واقعے کی پر پہلو سے مکمل تحقیقات کریں گے، ملوث ملزمان کو سامنے لاکر مثالی سزائیں دلوائی جائیں گی۔

یاد رہے کہ 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر مینار پاکستان جانے والی ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو سیکڑوں افراد نے ڈھائی گھنٹے تک تشدد اور ہراسانی کا نشانہ بنایا تھا یہاں تک کہ اوباش نوجوانوں نے متاثرہ خاتون کے کپڑے بھی پھاڑ دئیے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں