فلوریڈا: امریکا میں ایک معمر خاتون پر دیوہیکل مگرمچھ نے حملہ کر کے انھیں شدید زخمی کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے نارتھ فورٹ مائرز کی ایک 84 سالہ خاتون بوپل اپنے پالتو کتے کو ٹہلانے کے لیے لے جا رہی تھیں کہ تالاب سے اچانک 7 فٹ کے ایک مگرمچھ نے باہر نکل کر ان پر حملہ کر دیا۔
امریکی میڈیا سے گفتگو میں خاتون نے کہا کہ وہ اپنے پالتو کتے کے ساتھ شام کی سیر کے لیے نکلی تھیں، کہ اچانک انھیں خطرے کا احساس ہوا، لیکن تالاب سے اتنی تیزی سے مگرمچھ نے نکل کر حملہ کیا کہ انھیں سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔
خاتون نے اپنے کتے کو دور پھینک کر تو بچا لیا لیکن خود کو حملے سے محفوظ نہ رکھ سکیں، مگرمچھ نے ان کی ٹانگ کو چبا ڈالا، جس سے ان کے پیر کی انگلیاں کٹ گئیں۔
خاتون بوپل نے کہا کہ وہ بہت بڑا تھا، تارپیڈو کی طرح، وہ تالاب سے نکلا اور حملہ کر دیا۔ تاہم خاتون نے پھر بھی ہمت نہیں ہاری اور مکے مار مار کے مگرمچھ کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔
اس دوران ان کی چیخیں سن کر ایک پڑوسی نے ایمرجنسی سروسز کو کال کر دی، وائلڈ لائف کے اہلکار موقع پر پہنچے تو انھوں نے مگرمچھ کو پکڑ کر علاقے سے ہٹا دیا۔
مگرمچھ کے حملے سے خاتون زخمی ہو گئی تھیں جنھیں طبی علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا، حکام کا کہنا تھا کہ مگرمچھ کی پیمائش 7 فٹ 3 انچ تھی۔