ملائیشین خاتون نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا میں آبشار میں ڈوبتے شخص کو بچالیا، جس کی ویڈی وائرل ہوگئی۔
سری لنکا میں چھٹیاں گزارنے جانے والی ملائیشیا کی وی لاگر رئیل لائف ہیرو بن گئیں، انھوں نے دیالوما آبشار میں ایک مقامی شخص کو ڈوبنے سے بچانے کے بعد بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون سیاح نے ڈرامائی انداز میں آبشار میں ڈوبنے والے شخص کو ریسکیو کیا اور یہ لمحات سیاح کے ذاتی ٹورسٹ کیمرے میں مقید ہوگئے۔
فوٹیج میں اس شخص کے دوستوں کو مدد کے لیے چیختے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب وہ آبشار کے گہرے حصے میں میں قدم رکھنے کے بعد اپنے حواس کھو بیٹھا اور زندگی بچانے کے لیے جدوجہد کرتا رہا۔
خاتون سیاح جن کی شناخت فرح پتری ملیانی کے نام سے ہوئی، انھوں نے فوری طور پر بغیر کسی ہچکچاہٹ کے پانی میں غوطہ لگایا اور ڈوبنے والے شخص کو کامیابی کے ساتھ ساحل پر واپس لے آئیں۔
اس دوران ڈوبنے والے شخص کے دوست جلدی سے اس کی طرف بھاگے اور اسے جائے وقوعہ سے دور لے گئے۔
اس واقعے کے بعد، فرح پتری ملیانی نے سوشل میڈیا پر اس کلپ کو شیئر کیا، انھوں نے اپنا تجربہ بتایا اور آبشاروں کے چھپے خطرات کے بارے میں دوسروں کو خبردار کیا۔