بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

خاتون کرکٹر کا سچن ٹنڈولکر کے اہم ریکارڈ‌ پر قبضہ!

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت کی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان  متالی راج نے طویل ون ڈے کیریئر کا ریکارڈ قائم کرکے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔

سچن ٹنڈولکر کو بھارت میں کرکٹ کا دیوتا مانا جاتا ہے اور تقریباْ ہر اہم ریکارڈ انہوں نے توڑا اور اس پر قبضہ جمایا لیکن اب ان ہی کے ملک بھارت میں ان کی ہم پیشہ خاتون نے ان کے ایسے ریکارڈ پر قبضہ جمایا ہے جو آئندہ آنے والے دنوں میں کوئی اور توڑتا مشکل نظر آتا ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کی کپتان متالی راج یوں تو پہلے میچ میں سنچری، سب سے کم عمر میں سنچری بنانے والی خاتون کرکٹر، سب سے زیادہ رنز بنانے جیسے کئی ریکارڈ بنا رکھے ہیں لیکن 12 فروری کو انہوں نے ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر کا ایک ایسا ریکارڈ توڑ کر اپنے قبضے میں لیا ہے جو شاید کبھی نہ ٹوٹ پائے۔

ریکارڈ یہ ہے کہ 12 فروری کو جب متالی راج نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اتریں تو یہ ان کے ون ڈے کیریئر میں 22 سال اور 231 واں دن تھا۔ اس دن وہ دنیا کی پہلی کرکٹر بن گئیں جن کا ون ڈے کیریئر 22 سال 100 دن سے زیادہ ہوگیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے نام تھا جن کا ون ڈے کیریئر 22 سال 91 دن پر محیط ہے۔

کرکٹ کے ہر ریکارڈ پر ہنگامہ برپا کردینے والے بھارت میں متالی کے اس ریکارڈ پر کوئی شور ہوا نہ ہنگامہ۔

وجہ؟ تو اس کی وجہ یہ ہے کہ جس دن متالی راج نے یہ ریکارڈ بنایا اس دن کرکٹ کے بیشتر شیدائی اور ماہرین کی توجہ کا مرکز انڈین پریمیئر لیگ تھی اور وہ آئی پی ایل کی نیلامی کے سرور میں ڈوبے ہوئے تھے، تاہم جب لوگوں کو متالی کے اس ریکارڈ کی خبر ملی تو انہیں تہنیتی پیغامات بھیجے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ متالی راج نے اپنا پہلا ایک روزہ میچ 26 جون 1999 کو کھیلا تھا اب دیکھنا یہ ہے کہ متالی کا یہ ون ڈے کیریئر کا سفر کہاں جاکر رکتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں