لاڑکانہ : لاڑکانہ کے قریب دادو کینال نہر سے 20 سالہ خاتون طاہرہ ڈیتھو کی ایک دن پرانی لاش ملی ہے، مقتولہ کو اس کے شوہر نے نہر میں دھکا دیا تھا.۔
تفصیلات کے مطابق نوڈیرو کے قریب دادو کینال نہر سے 20 سالہ خاتون طاہرہ ڈیتھو کی لاش برآمد ہوئی ہے،جسے فوری طور پرنوڈیرو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاش 36 گھنٹے پرانی ہے۔
تھانہ نوڈیرو کی پولیس کے مطابق مقتولہ طاہرہ ڈیتھو نواحی گاوٴں نظر ڈیتھو کی مکین تھی جس کو گذشتہ روز اس کے شوہر شفقت ڈیتھو نے گھریلو تنازعے پر دادو کینال نہر میں پھینک کر فرار ہو گیا ہے،جس کے باعث پولیس نے ملزم شفقت ڈیتھو کے باپ اور بھائی کو گرفتار کر لیا ہے۔
تاہم اب تک پولیس نے قتل کا باضابطہ اندارج نہیں کیا ہے،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی سست روی نے ملزم شفقت ڈیتھو کو فرار ہونے کا موقع دیا،ملزم پہلے بھی اپنی اہلیہ ہر تشدد کرتا رہتا تھا۔
دوسری جانب گذشتہ روز نوڈیرو شہر کا رہائشی 10 سالہ محمد علی سولنگی اپنے دوستوں کے ہمراہ رائیس کینال میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا جس کی تلاش گذشتہ روز سے جاری تھی آج باقرانی کے قریب دادو کینال سے بچے کی لاش دیکھ کر اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ پر دادو کینال سے نکالا جس کی شناخت نوڈیرو کے رہائشی 10 سالہ محمد علی سولنگی عرف آغا کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثائے کے حوالی کردی،معصوم بچے کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔