امریکا میں مردہ قرار دی گئی 74 سالہ خاتون دو گھنٹے بعد زندہ ہوگئی۔
امریکی ریاست نیبراسکا کی لنکاشائر کاؤنٹی میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں نرسنگ ہوم میں رہائش پذیر 74 سالہ خاتون کانسٹینس گلانٹز کو عملے کی جانب سے مردہ قرار دیا گیا تھا۔
نرسنگ ہوم نے 3 جون کی صبح پر خاتون کو مردہ قرار دیا تھا، جس کے بعد لاش کو مردہ گھر منتقل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق وہاں جب خاتون کے بے جان جسم کو میز پر رکھا گیا تو عملے کے ایک فرد کو محسوس ہوا کہ وہ سانس لے رہی ہیں۔
جس کے فوری بعد طبی امداد کے لیے رجوع کیا گیا اور انہیں ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں وہ ابھی بھی زندہ ہیں۔
نرسنگ ہوم کی انتظامیہ نے اس واقعے پر اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا جبکہ مقامی پولیس کے مطابق خاتون کے خاندان کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
گزشتہ سال جون میں ایکواڈور میں ایک 76 سالہ خاتون کو مردہ قرار دیا گیا اور پھر انھیں تابوت میں لٹا کر فیونرل پارلر لے جایا گیا لیکن پانچ گھنٹے کے بعد جب تابوت کھول کر ان کے کپڑے بدلنے کی کوشش کی گئی تو علم ہوا کہ وہ زندہ تھیں۔