ممبئی پولیس نے اتر پردیش کے وزیر علیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں 24 سالہ خاتون کو حراست میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کا تعلق ریاست مہاراشٹر کے علاقے الہاس نگر سے ہے۔ خاتون نے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بیچلر کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے لیکن دماغی توازن درست نہیں۔
ممبئی پولیس کے ٹریفک کنٹرول سیل کو نامعلوم نمبر سے دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ اگر یوگی آدتیہ ناتھ نے 10 دن کے اندر استعفیٰ نہیں دیا تو انہیں بابا صدیقی کی طرح قتل کر دیا جائے گا۔
دھمکی کے بعد حکام نے انسداد دہشتگردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کو الرٹ کیا جس کے بعد ملزمہ کا سراغ لگایا گیا۔ مقامی پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں اے ٹی ایس ٹیم نے انکوائری کیلیے خاتون کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ابتدائی معلومات اکٹھی کرنے کے بعد ملزمہ کو مزید پوچھ گچھ کیلیے ممبئی منتقل کیا گیا۔
پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے تصدیق کی کہ خاتون کی اب تک گرفتاری نہیں ڈالی گئی، خاتون کی دماغی حالت کا معائنہ کروانے کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
دھمکی آمیز پیغام موصول ہونے کے بعد اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کی سکیورٹی غیر معمولی کر دی گئی۔