کراچی: شہر قائد کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب مبینہ پولیس فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پرانی سبزی منڈی کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران مجمع اکٹھا ہو گیا، لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے ہیڈ کانسٹیبل نے ہوائی فائرنگ کر دی جس کی زد میں ایک خاتون آ کر جاں بحق ہو گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ اہل کار کی ہوائی فائرنگ سے گھر میں موجود خاتون جاں بحق ہو گئی، فائرنگ کرنے والا پولیس اہل کار نشے میں تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ہیڈ کانسٹیبل سمیت گشت پر مامور چاروں اہل کاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سندھ لاک ڈاؤن میں توسیع : کون کون سے کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی
ایس ایس پی ایسٹ تنویر عالم اوڈھو نے میڈیا کو بتایا کہ رات گئے راشن تقسیم پر 2 فلاحی اداروں میں جھگڑا ہوا، پولیس جھگڑا ختم کروانے لگی تو مشتعل افراد نے گھیر لیا، پولیس اہل کاروں کو دھکے دیے گئے تو صورت حال خراب ہوئی، جس پر اہل کاروں نے ہوائی فائرنگ کی جس کی زد میں خاتون آئی، تاہم خاتون کے شوہر نے درخواست دی ہے کہ وہ مقدمہ نہیں کرانا چاہتا، شوہر نے مقدمہ درج نہ کرایا تو پولیس کی مدعیت میں مقدمہ ہوگا۔
خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ میں 30 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی گئی ہے، لاک ڈاؤن کے باعث غریب شہریوں کو کھانے کے لالے پڑ گئے ہیں، جن کی مدد کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں سیاسی اور فلاحی تنظیموں سمیت مخیر حضرات کی جانب سے مفت راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔