بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں بہو نے والد اور بھائی کے ساتھ مل کر 70 سالہ ساس اور شوہر کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کر رہی ہے۔
شوہر وشال بترا کے مطابق ان کی بیوی نیلیکا ایک سال سے ان پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ میں اپنی 70 سالہ والدہ سرلا بترا کو گھر سے نکال کر اولڈ ایج ہوم بھیج دوں، میرے انکار پر وہ اکثر جھگڑا کرتی ہے۔
مذکورہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب نیلیکا نے والد اور بھائی کو سسرال بلایا جنہوں نے وشال بترا پر تشدد کیا جبکہ سرلا بترا کو خاتون نے بالوں سے پکڑ کر زمین پر گھسیٹا اور تشدد بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے بہو جاں بحق
سرلا بترا نے بتایا کہ بہو کئی دنوں سے میرے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے لیکن بیٹا پریشان نہ ہو اس لیے خاموش رہی، جب وشال پر حملہ ہوا تو میں نے مداخلت کی تو مجھے بھی مارا پیٹا گیا۔
وشال اور ان کی والدہ نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کروائی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیلیکا کے والد اور بھائی نے پولیس اسٹیشن کے اندر بھی انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دیتے رہے۔
پولیس سٹیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وشال بترا نے کہا کہ مجھ پر میرے گھر کے اندر حملہ کیا گیا، تقریباً 10-15 لوگ داخل ہوئے اور مجھ پر اور میری ماں کے ساتھ مارپیٹ کی، میری بیوی مجھے میری ماں کو گھر سے باہر نکالنے کیلیے پریشان کر رہی ہے۔
ادھر، سرلا بترا نے بتایا کہ نیلیکا، اس کے والد اور بھائی نے ہمیں مارا پیٹا، میری بہو چاہتی ہے میں گھر سے چلی جاؤں، وہ روزانہ میرے ساتھ جھگڑا کرتی ہے۔
چیف سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رابن جین نے کہا کہ سرلا بترا کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا، ہمیں بہو کے خلاف ساس کی طرف سے شکایت موصول ہوئی، نتائج کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔