امریکا میں ایک ماں اپنے بچے کو بچانے کے لیے شیر سے لڑ گئی اور بغیر کسی ہتھیار کے مکوں اور لاتوں کی مدد سے خونخوار شیر کو مار بھگایا۔
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ ریاست کیلی فورنیا میں پیش آیا جہاں ایک پہاڑی شیر رہائشی علاقے میں نکل آیا اور ایک گھر کے اندر لان میں کھیلتے 5 سالہ بچے پر حملہ کردیا۔
بچے کی چیخ و پکار پر ماں گھر سے باہر نکلی، تب تک شیر بچے کو گھسیٹتا ہوا لان سے باہر لے جاچکا تھا، ماں نے بغیر کچھ سوچے سمجھے شیر پر حملہ کردیا اور بچے کو اس سے بچانے کی کوشش شروع کردی۔
بہادر ماں بغیر کسی ہتھیار کے شیر سے لڑتی رہی، اس دوران نہ صرف وہ اپنے بچے کو اس سے دور کرنے میں کامیاب رہی بلکہ مکے اور لاتیں برسا کر شیر کو بھی وہاں سے بھاگنے پر مجبور کردیا۔
بعد ازاں خاتون اور ان کے شوہر بچے کو فوری قریبی اسپتال لے کر گئے، بچے کے سر اور سینے پر زخم آئے تھے جن کی ٹریٹمنٹ شروع کردی گئی، میڈیا رپورٹ کے مطابق بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مذکورہ واقعہ امریکی محکمہ برائے جنگلی حیات کو رپورٹ کیا گیا جنہوں نے میڈیا کو اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پہاڑی شیر کم از کم 30 کلو گرام وزنی تھا لیکن بہادر خاتون، جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، اس سے اپنے بیٹے کو بچانے میں کامیاب رہی۔
یاد رہے کہ پہاڑی شیر کو شیر کی تمام اقسام میں سب سے زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے جو ہر وقت اپنے شکار کی تلاش میں رہتا ہے اور نہایت چالاکی اور پھرتی سے دبے قدموں پیچھے سے شکار پر حملہ کرتا ہے۔