سڈنی: دسمبر آسٹریلوی تاریخ کا گرم ترین مہینہ ثابت ہوا، دھوپ کی تپش اور گرمی کی لہر ایسی پڑی کہ خاتون نے سڑک پر انڈا فرائی کرکے سب کو حیران کردیا۔
آپ نے گرم پانی کے چشموں سے لوگوں کو انڈے ابالتا ہوا دیکھا ہوگا لیکن آسٹریلیا میں ایک خاتون شہری نے فرائی پین کی مدد اور دھوپ کی تپش کے ذریعے سڑک پر انڈا تل دیا، دیکھنے والے دنگ رہ گئے اور ویڈیو وائرل ہوگئی۔
Woman fries an egg on the pavement in Melbourne, Australia as heatwave hits pic.twitter.com/9VQ2ZX40KO
— The Sun (@TheSun) December 23, 2019
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی شہر میلبورن میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز ریکارڈ کیا گیا ہے، آسٹریلوی تاریخ میں اس سے قبل اتنی شدید گرمی نہیں پڑی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔
اس سے قبل 2013 میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 40.3 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھنے اور ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق گرمی کا تسلسل آئندہ چند روز میں صورتحال کو مزید خراب کرسکتا ہے، آسٹریلیا میں ہیٹ ویو کو بڑے خطرے کی علامت قرار دیا جارہا ہے اور ماحولیاتی تبدیلی کے ماہرین نے حکومت پر دباؤ ڈالا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کرے۔