بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد میں لڑکی نے شادی سے دو روز قبل اپنے ہی منگیتر پر حملہ کروا دیا جس کے باعث وہ کوما میں چلا گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 28 سالہ گورو نامی نوجوان پر دو افراد نے حملہ کیا۔ پولیس حکام نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔
آئی ٹی آئی ٹیچر گورو پر 17 اپریل 2025 کو اُس وقت حملہ کیا گیا جب وہ گھر لوٹ رہا تھا، حملے میں مبینہ طور پر سورو نامی ملزم، اس کا دوست سونو اور دیگر ملزمان شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شادی سے چند روز قبل منگیتر کیساتھ پکنک پر جانے والی لڑکی کی موت
گورو کے اہل خانہ کے مطابق ملزمان نے اسے لاٹھیوں اور بلے سے مارا جس سے دونوں ٹانگیں، ایک ہاتھ اور ناک ٹوٹ گئی جبکہ سر میں گہری چوٹیں آئیں۔
اہل خانہ نے الزام لگایا کہ حملے کی منصوبہ بندی گورو کی منگیتر نیہا نے کروائی جو سورو کے ساتھ تعلقات میں ہے، گورو نے بے ہوش ہونے سے پہلے ہمیں بتایا کہ اس پر کس نے حملہ کیا ہے۔
گورو کے بیان کے مطابق ملزم سورو نے اسے اس کی تصویر دکھائی اور کہا کہ نیہا نے مجھے تمہیں مارنے کیلیے بھیجا ہے۔
زخمی نوجوان کے چچا سنیل نے کہا کہ گورو جس لڑکی سے شادی کرنے جا رہا تھا اس نے اپنے بوائے فرینڈ کو اسے مارنے کے لیے بھیجا۔
اہل خانہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ 15 اپریل کو منگنی کے دوران نیہا کے گھر والوں نے گورو کو سونے کی انگوٹھی اور چین دی تھی جو حملے کے دوران چھین لی گئی۔
دھمکیاں ملنے کے بعد گورو کے والد نے پہلے سورو کے خلاف شکایت درج کروائی تھی لیکن سورو کے معافی مانگنے کے بعد معاملہ طے پا گیا تھا۔
صدر بلبھ گڑھ پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر امیش نے تصدیق کی کہ ایف آئی آر میں دو ملزمان کو نامزد کر دیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔