بھارت کی ریاست کرناٹک کے شہر اڈپی میں نامعلوم شخص نے گھر میں گھس کر مسلم خاتون کو اس کے تین بچوں سمیت قتل کر دیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نقاب پوش ملزم اتوار کی صبح اُس وقت گھر میں داخل ہوا جب مقتولہ اپنے تین بچوں اور بہن کے ساتھ سو رہی تھی۔
ملزم نے ان پر چاقو سے حملہ کیا جس میں 46 سالہ حسینہ اپنے تینوں بچوں سمیت چل بسیں۔ حملے میں مقتولہ کی بہن شدید زخمی ہوئیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق نقاب پوش حملہ آور کی شناخت نہیں ہو سکی، مقتولہ کا شوہر بیرون ملک کام کرتا ہے۔ زخمی خاتون نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ نہیں جانتی حملہ کیوں اور کس نے کیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ قتل ہونے والے بچوں کی شناخت افنان، عیناز اور عاصم کے نام سے ہوئی۔
قتل کا واقعہ جس گھر میں پیش آیا اس کے گرد نصب سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں حملہ آور کو دیکھا گیا جس نے چہرے پر سیاہ ماسک لگایا ہوا تھا۔
حملہ آور ہاتھ میں کالا بیگ لیے گھر میں داخل ہوا اور تھوڑی ہی دیر میں باہر نکل کر وہاں سے روانہ ہوگیا۔