بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع اوریا میں بیوی نے آشنا سے شادی کرنے کیلیے منہ دکھائی میں ملی رقم سے شوہر کا قتل کروا دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مقتول کی شناخت 25 سالہ دلیپ کے نام سے ہوئی جس کی 15 روز قبل 22 سالہ پرگتی سے شادی ہوئی تھی، 19 مارچ کو دلیپ گندم کے کھیت میں تشویشناک حالت میں پایا گیا جبکہ اسپتال میں دوران علاج 22 مارچ کو چل بسا۔
یہ بھی پڑھیں: بیوی نے آشنا کیساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے کے بعد لاش جلا دی
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں پتا چلا کہ دلیپ کو سر میں گولی ماری گئی تھی۔ تحقیقات میں پولیس حکام کو مقتول کی بیوی اور اس کے بوائے فرینڈ انوراگ پر شک ہوا جو پچھلے چار سالوں سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔
پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ پرگتی دلیپ کو پسند نہیں کرتی تھیں اور گھر والوں نے ان کی شادی زبردستی کروائی تھی، دراصل وہ انوراگ کو پسند کرتی ہیں لیکن اہل خانہ راضی نہیں تھے۔
پرگتی اور انوراگ نے مل کر دلیپ سے چھٹکارا حاصل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک اجرتی قاتل کی خدمات حاصل کیں، خاتون نے منہ دکھائی میں ملنے والی رقم اور زیورات بیچ کر قاتل کو ادائیگی کی۔
دلیپ کرین چلاتا تھا، 19 مارچ کو جب وہ کام سے گھر واپس جا رہا تھا تو سہار تھانے کے علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں رکا جہاں کچھ موٹر سائیکل سوار پہنچے جو دلیپ کو کرین کی مدد سے کھائی میں گرنے والی کار کو نکالنے کے بہانے اپنے ساتھ لے گئے۔
راستے میں اجرتی قاتلوں نے دلیپ پر حملہ کیا، تشدد کے بعد سر میں گولی ماری اور تشویشناک حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران حملہ آوروں میں سے ایک کی شناخت رام جی نگر کے طور پر ہوئی، اطلاع ملی کہ نگر پیر کے روز کسی سے ملنے جا رہا ہے تو ہم موقع پر پہنچے اور اسے انوراگ کے ساتھ گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے پوچھ کر رہے ہیں جس کے بعد قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔