ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

کینسر کے نام پر ہزاروں ڈالر کا فراڈ کرنے والی لڑکی

اشتہار

حیرت انگیز

آئیووا : موذی مرض کے نام پر لوگوں سے رقم وصول کرنے والی جعلی مریضہ کو پکڑنے کیلیے پولیس حرکت میں آگئی، ملزمہ نے کینسر کے نام پر ہزاروں ڈالر بٹور لیے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست آئیووا میں پولیس نے ایک لڑکی پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ اس نے جھوٹ بول کر خود کو کینسر کی مریضہ ظاہر کرکے لوگوں سے ہزاروں ڈالر کے عطیات حاصل کیے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایلڈریج پولیس کی جانب سے آئیووا کی 19 سالہ رہائشی میڈیسن روسو پر رواں ماہ کے آغاز میں کینسر کے نام پر تقریباً 40ہزار ڈالر ہتھیانے کا الزام لگایا گیا تھا۔

- Advertisement -

پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیسن روسو نے لوگوں سے کہا کہ وہ ’لمفوبلاسٹک لیوکیمیا‘کینسر کے دوسرے اسٹیج کی مریضہ ہے اوراس کی کمر میں فٹ بال سائز کا ٹیومر موجود ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمہ نے علاج کے اخراجات کیلئے439 عطیہ دہندگان سے37ہزار ڈالر سے زیادہ رقم عطیہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

پولیس کے مطابق روسو نے سوشل میڈیا پر ایک ’گو فنڈ می‘نامی پیج بنایا اور خود کو کینسر کی مریضہ بتایا اور اس حوالے سے لوگوں کی ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے مختلف انٹرویوز بھی دیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں طبی حوالے سے چند تجربہ کار لوگوں کی جانب سے آگاہ کیا گیا تھا کہ روسو نے سوشل میڈیا سائٹس پر جو تصاویر پوسٹ کی ہیں وہ سراسر جعلی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ تصاویر کینسر کے حقیقی مریضوں کے سوشل میڈیا پیجز سے لی گئی تھیں اور انہیں اپنی تصاویر کہہ کر شیئر کیا گیا تھا۔

تفتیش کاروں نے روسو کے میڈیکل ریکارڈ کو چیک کیا تو معلوم ہوا کہ اسے ریاست آئیووا میں کسی شہر کی لیبارٹری یا اسپتال میں کینسر یا کسی قسم کے ٹیومر کی تشخیص کبھی نہیں کی گئی تھی۔

روسو نے مختلف کاروباری اداروں، غیرمنافع بخش تنظیموں، اسکولوں اور دیگر مخیر افراد سے ہزاروں ڈالر کے عطیات قبول کیے۔

روسو کو23جنوری کو دھوکہ دہی کے الزام میں چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے 10ہزار ڈالر کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

اس رقم کی ادائیگی اسی شخص نے کی تھی جس نے ’گو فنڈ می‘پیج بنانے کا اہتمام کیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیات ابھی جاری ہیں تاہم روسو کی گرفتاری اگلے ماہ 2 مارچ کو متوقع ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں