بھارت میں دلہن نے شادی سے ایک ماہ بعد ہی شوہر سے طلاق مانگ لی اور وجہ بتائی کہ وہ روز نہاتا نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع آگرہ میں دلہن نے شادی کے 40 دن بعد ہی شوہر سے طلاق مانگی اور بتایا کہ وہ مہینے میں صرف ایک یا دو بار نہاتا ہے جس کی وجہ سے اس کے جسم میں بدبو آتی ہے۔
دلہن نے آگرہ میں فیملی کونسلنگ سینٹر سے رجوع کیا اور شکایت کی کہ وہ ایسے آدمی کے ساتھ نہیں رہ سکتی جو صفائی ستھرائی کا خیال نہیں رکھتا۔
رپورٹ کے مطابق جب اہلکاروں نے خاتون کے شوہرراجیش سے سوال کیا تو وہ اس کا جواب سن کر حیران رہ گئے۔
راجیش کا کہنا تھا کہ وہ عام طور پر مہینے میں صرف ایک یا دو بار نہاتے ہیں اور ہفتے میں ایک بار اپنے جسم پر گنگا جل (دریائے گنگا کا پانی) چھڑکتے ہیں۔
اس کا کہنا تھا کہ 40 دن کی شادی میں اس نے بیوی کے اصرار پر چھ بار غسل کیا تھا۔
فیملی سینٹر کے ایک کونسلر نے بتایا کہ شادی کے چند ہفتوں بعد ہی جوڑے میں گرما گرم بحث شروع ہو گئی، جس کے بعد خاتون اپنے والدین کے گھر واپس چلی گئی۔
اس کے بعد اس کے اہل خانہ نے مقامی پولیس اسٹیشن میں جہیز کے لیے ہراسانی کی شکایت درج کرائی اور طلاق کی درخواست کی۔
پولیس کے ساتھ بات چیت کے بعد راجیش نے روزانہ نہانے پر اتفاق کیا تاہم اس کی بیوی اس کے ساتھ رہنے کو تیار ہوئی، جوڑے کو 22 ستمبر کو دوبارہ کونسلنگ سینٹر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔