عجمان: متحدہ عرب امارات میں انوکھا واقعہ پیش آیا ہے عجمان میں 20 سالہ خاتون نے ’پب جی‘ کھیلنے سے منع کرنے پر شوہر سے طلاق مانگ لی۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں 20 سالہ خاتون نے شوہر کی جانب سے پب جی آن لائن گیم کھیلنے سے روکنے پر طلاق کا مطالبہ کردیا۔
عجمان پولیس کے کیپٹن وفا خلیل الحسینی کے مطابق ہمیں متحدہ عرب امارات میں بہت سے شادی شدہ جوڑے آن لائن پب جی گیم کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 20 سالہ عرب خاتون اپنی شکایت لے کر آئی اور کہا کہ میرے شوہر کی جانب سے مجھے پب جی گیم کھیلنے پر روکا جارہا ہے لہٰذا مجھے اس سے چھٹکارا دلایا جائے۔
مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات، والدین کا ’پب جی‘ گیم پر پابندی کا مطالبہ
عرب خاتون کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی زندگی جینے کا پورا اختیار ہے میں اپنے مائنڈ کو فریش کرنے کے لیے گیم کھیل رہی تھی جس سے مجھے منع کیا گیا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ میں آن لائن گیم کسی اجنبی کے ساتھ نہیں کھیل رہی تھی بلکہ اپنے دوستوں اور کزن کے ہمراہ کھیل رہی تھی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں متحدہ عرب امارات میں والدین نے انتظامیہ سے آن لائن گیم ’پب جی‘ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پب جی گیم نوجوان نسل پر برے اثرات مرتب کررہا ہے۔
دبئی میں ایک طالب علم کی والدہ گلناز عارف نے کہا کہ پب جی گیم پر پابندی ضرور لگانی چاہئے، مذکورہ گیم بچوں کے ذہنوں پر برے اثرات مرتب کررہا ہے، بچوں کا پڑھائی میں دل نہیں لگتا وہ صرف گیم جیتنے کی جستجو میں لگے رہتے ہیں۔