روس میں 80 سالہ خاتون چھٹی منزل سے گر کر معجزانہ طور پر بچ گئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
دی سن کی رپورٹ کے مطابق 80 سالہ خاتون اپارٹمنٹ کی کھڑکی صاف کررہی تھی کہ اچانک اس کا توازن بگڑا اور وہ سیدھی نیچے کھڑی گاڑی پر آگری۔
حادثہ گزشتہ جمعرات کو روس کے یکاترین برگ سے تعلق رکھنے والی نامعلوم عمر رسیدہ خاتون کے ساتھ پیش آیا جو اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکیوں کی صفائی کر رہی تھی۔
مبینہ طور پر لاپرواہی کی وجہ سے وہ پڑوسی کی گاڑی کے اوپر آگری۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حیران کن طور پر خاتون گرنے کے بعد اٹھی اور چلنے لگی اور اسے کوئی چوٹ نہیں آئی۔
بعدازاں پڑوسی سے مدد لے کر اسے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ ٹھیک ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق خاتون اپنی ہی لاپرواہی کی وجہ سے اپنے چھٹی منزل کے اپارٹمنٹ سے گری۔
کار کے مالک نے بتایا کہ میں نے اسے اپنی کار پر گرا دیکھا تو پہچان گیا کہ یہ تو میری پڑوسی ہے جو چھٹی منزل پر رہتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے علم ہوا کہ خاتون لاپرواہی کی وجہ سے کھڑکی سے گری، خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔