ممبئی: انسانوں کے بعد اب کتے بھی تیزاب گردی کا شکار ہونے لگے ہیں، بھارتی شہر ممبئی میں ایک خاتون نے پڑوسی کے کتے پر اس لیے تیزاب پھینک دیا کیوں کہ اس نے خاتون کی بلی کا پیچھا کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بلی کا پیچھا کرنے پر بے چارا کتا تیزاب گردی کا شکار ہو گیا، پولیس نے ممبئی کی ایک خاتون کو پڑوسی کے پالتو کتے پر تیزاب پھینکنے اور جانوروں پر ظلم کرنے پر گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق 35 سالہ شبستہ سہیل انصاری کو اپنی بلی کا پیچھا کرنے پر براؤنی نامی کتے پر سخت غصہ تھا، بدھ کے روز خاتون نے اس وقت براؤنی پر تیزاب پھینک دیا جب وہ گلی میں سو رہا تھا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ انھوں نے بلی کا پیچھا کرنے پر کئی بار کتے کے مالکان کو خبردار کیا تاہم انھوں نے کوئی توجہ نہیں دی، تیزاب گردی کا یہ گھناؤنا واقعہ سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گیا، اور فوٹیج سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئی ہے۔
Cruel Act in #Mumbai: Woman Pours #Acid on #Dog for Disturbing #Cats, Leaving Severe Injuries pic.twitter.com/IiWUHdMfrE
— Madhuri Adnal (@madhuriadnal) August 18, 2023
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون گھر سے نکلی اور سوئے ہوئے کتے پر تیزاب پھینک دیا، جس کے بعد کتا تکلیف کے مارے ادھر ادھر بھاگتا رہا، رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد عمارت کے نگران نے شام کو زخمی کتے کو تلاش کیا اور اسے قریبی ویٹرنری کلینک لے گئے، تیزاب کے حملے میں کتے کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی تھی اور بدن بھی شدید جھلس گیا تھا۔
عمارت کے نگراں نے جب سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی تو شبستہ کو کتے پر تیزاب پھینکتے ہوئے پایا، جس پر انھوں نے خاتون کے خلاف شکایت درج کرا دی، اور پولیس نے خاتون کو گرفتار کر لیا۔