بیجنگ: مشرقی چین کے ایک شہر میں مسافر خاتون نے طیارے کے مسافروں کی زندگی خطرے میں ڈال دی، خاتون نے دوران پرواز کھڑکی کا شیشہ توڑ ڈالا، جس پر طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لی نامی 29 سالہ خاتون ناکام محبت سے سخت دل برداشتہ تھی، طیارے میں سفر کے دوران وہ رونے لگی، جس پر فلائیٹ اٹینڈنٹ اسے سیٹ سے اٹھانے لگی تو اس نے کھڑکی کے شیشے پر مکے مارنا شروع کر دیے، جس سے شیشے کی پہلی پرت ٹوٹ گئی۔
حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ 25 مئی کی پرواز کے دوران خاتون نے اپنے جذبات پر قابو کھو دیا تھا، شیشہ ٹوٹنے پر طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی تھی، معلوم ہوا کہ مذکورہ خاتون نے شراب بھی پی رکھی تھی، بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کیا گیا۔
اس واقعے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون لی اپنی سیٹ پر بیٹھی رو رہی ہے اور کھڑکی پر مکے برسا رہی ہے، جب کہ طیارے کا عملہ اور دیگر مسافر اسے قابو کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق طیارہ شہر زیننگ سے ساحلی شہر یانگ چانگ جا رہا تھا، لیکن اسے حنان صوبے کے شہر جانگجاؤ میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔ جانگجاؤ پولیس کا کہنا تھا کہ لی کو اس کے محبوب نے چھوڑ دیا تھا، اس نے طیارے پر بورڈنگ سے قبل غلے سے بنی نصف لیٹر چینی شراب بائیجاؤ بھی پی رکھی تھی۔
اس خوف ناک واقعے میں خوش قسمتی سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، جانگجاؤ میں لینڈنگ کے بعد خاتون کو پولیس گرفتار کر کے لے گئی۔