کراچی : ڈیفنس خیابان بد رمیں گھر سے خاتون کی لاش ملنے کے واقعے میں اہم پیشفرت سامنے آئی ہے، موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد واضح ہوگی۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں متوفیہ کوثر اور اس کا بیٹا آغا علی رہائش پذیر تھے، واقعے کے وقت متوفیہ کے بیٹے سمیت 3بچے بھی گھرمیں موجود تھے۔
متوفیہ خاتون کے بیٹے آغا علی احمد نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ میری والدہ ڈپریشن کے مرض میں مبتلا تھیں، اور ان علاج جاری تھا۔
بیٹے نے بتایا کہ گھر میں والدہ کے علاوہ میری دوست کے بچے بھی ٹھہرے ہوئے ہیں، رات 3بجے تک دوست کے بچوں کے ساتھ مووی دیکھی اور سب سوگئے۔
آغا علی احمد کے مطابق جب دن میں 2بجے سوکر اٹھا تو والدہ کے کمرے کا دروازہ اندر سے لاک تھا، والدہ کو کال کی اور گارڈ سے بھی معلومات حاصل کیں۔
اس نے بتایا کہ لاک توڑ کر دروازہ کھولا تو والدہ کی لاش زمین پر پڑی تھی، جس کے بعد پولیس اور ریسکیو اداروں کو اطلاع دی، پولیس نے شک کی بنیاد پر خاتون کے بیٹے کو حراست میں لے لیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس حکام نے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، فوری طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، شک ہے کہ بیٹے نے ہی اپنی ماں کو قتل کیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق خاتون کا بیٹا نشے کا عادی ہے۔