کراچی : اورنگی ٹاؤن کے نالے سے گزشتہ روز ملنے والے خاتون کے کٹے ہوئے سر سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، مقتولہ کی شناخت کلثوم نام سے ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز ایک خاتون کو قتل کردیا گیا تھا جس کا سر قصبہ کالونی اورنگی ٹاؤن کے نالے سے برآمد ہوا۔
مقتولہ کے اہل خانہ نے ریسکیو ادارے سے رابطہ کیا تھا جس کے بعد مقتولہ کی شناخت 32 سالہ کلثوم کے نام سے ہوئی ہے جو خاموش کالونی کی رہائشی تھی۔
ریسکیو ادارے کے ترجمان نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مقتولہ خاتون کا سر دیکھنے کے بعد لواحقین میں سے ایک خاتون نے بتایا کہ یہ میری بہو کلثوم زوجہ حنیف ہے۔
خاتون نے بتایا کہ اس کی عمر 32 سال ہے اور ہفتے کے روز گھر سے یہ کہہ کر گئی تھی کہ اپنے رشتے داروں کے گھر جارہی ہوں جس کے بعد واپس نہیں آئی۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق آج ہی کے روز پراچہ قبرستان سے نچلے دھڑ کے کچھ اعضاء بھی ملے ہیں جس کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ہوسکے گی کہ یہ اعضاء مقتولہ کلثوم کے ہیں یا کسی اور کے یہ پولیس ہی بتا سکے گی۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کا سر ملنے کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش فی الحال آگے نہیں بڑھ سکی ہے کیونکہ مقتولہ کے شوہر نے اب تک پولیس کو بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔