چار خواتین نے انتہائی دیدہ دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھر میں گھس کر چاقو کے زور پر 6 سالہ بچے کو اغوا کرلیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا میں چاقو کے زور پر ایک خاتون کے 6 سالہ بچے کو اغوا کرنے کے واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہفتے کو چار خواتین کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ میلبورن پولیس کو صبح 11 بجے جنوبی میلبورن میں واقع ایک گھر میں واردات کی اطلاع ملی۔ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ خواتین نے اس پر چاقو سے حملہ کیا اور بچے کو لے گئیں۔
مذکورہ خواتین بچے کو ایس یو وی کار میں لے کر فرار ہوئیں، تاہم تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ خواتین کا تعلق اس ریاست میں رہنے والے بچے کے والد سے ہے۔
کولمبیا کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے عملے نے واقعے کے بعد تقریباً 200 میل دور انٹراسٹیٹ 10 پر مغرب کی طرف جانے والی گاڑی کو چیک کیا تو اس میں سے بچہ برآمد کیا جبکہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
ان کی شناخت 32 سالہ ایوا لیونورا آئیکل، 22 سالہ انگرس آئیکل، 30 سالہ مارسیا آئیکال اور24 سالہ ڈیلیا پاپ ٹیک آئیکل کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے بچے کو ماں کو واپس کر دیا ہے جبکہ اسے جسمانی طور پر کوئی چوٹ نہیں آئی۔ مشتبہ خواتین کو ٹرائل کے لیے بریورڈ کاؤنٹی واپس بھیجا جائے گا۔