کراچی: سگ گزیدگی کا شکار 55 سالہ خاتون جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں۔
جناح اسپتال کی سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی کے مطابق نوابشاہ کی رہائشی 55 سالہ حور بی بی کو 16 اکتوبر کو جناح اسپتال لایا گیا تھا، اہل خانہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے خاتون کو انجیکشن لگوایا مگر اس کا کوئی ثبوت نہیں تھا۔
سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ خاتون کو پاگل کتے نے گردن کے حصے پر کاٹا تھا، ڈاکٹرز نے اُن کو مکمل علاج کی سہولیات فراہم کی مگر وہ جانبر نہ ہوسکیں اور دم توڑ گئیں۔ ایم ایس کے مطابق رواں سال 9 سگ گزیدگی سے متاثرہ افراد کو جناح اسپتال لایا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی سمیت سندھ بھر میں 5ماہ کے دوران تقریبا 70ہزار افراد کتوں کے کاٹنے کا شکار
یاد رہے کہ تین روز قبل شہر قائد کے علاقے ایف سی ایریا میں پاگل کتے نے سب انسپکٹر سمیت 12 افراد کو کاٹ لیا تھا۔ متاثرہ افراد کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ حکومت نے رے بیز کیسز سے بڑھتی اموات کے پیش نظر صوبے بھر میں کتا مار مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر سمیت تمام بلدیاتی کونسلرز کو آوارہ کتے پکڑنے کا ٹاسک دیا تھا۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، جبکہ رے بیز سے اموات کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے۔