بدھ, اکتوبر 16, 2024
اشتہار

صرف ایک شکست نے انگلینڈ کو ٹی 20 ویمنز ورلڈ کپ سیمی فائنل سے باہر کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچز میں لگاتار تین میچ جیت کر نا قابل شکست انگلینڈ آخری گروپ میچ ہار کر سیمی فائنل کی دوڑ سے ہی باہر ہوگئی ویسٹ انڈیز نے ٹکٹ کٹا لیا۔

یو اے ای میں جاری ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا۔ گزشتہ روز گروپ بی کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز نے نا قابل شکست انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا جب کہ انگلش ٹیم کی ٹورنامنٹ سے چھٹی ہوگئی۔

دبئی میں کھیلے گئے آخری گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم نے انگلینڈ کی ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر اس کا سیمی فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور کیا۔

- Advertisement -

ڈو آر ڈائی میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیتا اور انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 18 اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر فتح کی منزل حاصل کر لی۔ دونوں اوپنرز کپتان ہیلی میتھیوز اور ایانا جوزف نے نصف سنچریاں بنائیں اور 102 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کر کے فتح کی راہ ہموار کی۔

اس فتح میں انہیں انگلش فیلڈرز کی بھی بھرپور مدد حاصل رہی جنہوں نے ناقص فیلڈنگ کرتے ہوئے تین آسان کیچ گرائے۔

اس میچ کے ساتھ ہی ایونٹ کی سیمی فائنل لائن اپ بھی مکمل ہوگئی۔ گروپ اے سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جب کہ گروپ بی سے جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز فائنل فور میں پہنچ گئیں۔

پہلا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کل (جمعرات) دبئی میں جب کہ دوسرا سیمی فائنل ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعہ کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

سیمی فائنل کی فاتح ٹیمیں اتوار 20 اکتوبر کو دبئی اسٹیڈیم میں ٹرافی جیتنے کی جنگ لڑیں گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں