کمالیہ : ٹریفک پولیس اہلکار کو گاڑی روکنے پر باراتیوں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، تاہم پولیس نے اہلکار پر تشدد کا مقدمہ درج کرکے متعدد مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کمالیہ میں ٹریفک پولیس کو باراتیوں کی گاڑی روکنا مہنگا پڑ گیا، گاڑی میں سوار خواتین نے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کی دھلائی کرڈالی جس کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
ٹریفک پولیس اہلکاروں نے پاکپتن جاتی گاڑی کو دھواں چھوڑنے پر روکا اور ڈرائیور کے ساتھ بحث وتکرار شدت اختیار کرگئی، جس پر گاڑی میں سوار مرد و خواتین نے ڈی ایس پی آفس اور سٹی تھانہ کمالیہ کے گیٹ پر تلخ کلامی کرنے والے ٹریفک پولیس اہلکار کی خوب پٹائی کر ڈالی۔
خواتین کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار نے دوران چیکنگ بحث کرتے ہوئے نازیبا زبان استعمال کی، جس پر غصہ آگیا اور ٹریفک پولیس اہلکار کو پیٹ ڈالا۔
دوسری جانب سٹی پولیس نے اہلکار پر تشدد کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرتے ہوئے متعدد مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
یاد رہےکہ کمالیہ میں پولیس کے نازیبا رویہ کی وجہ سے ایک ماہ میں تشدد کا یہ دوسرا واقعہ ہے، عوامی حلقوں نے ٹریفک اہلکاروں کے بڑھتے ہوئے نازیبا رویہ کے باعث مقامی اہلکاروں کو ضلع بدر کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ آئے روز پیش آنے والے ایسے واقعات کو روکا جاسکے۔