ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ کا آج سری لنکا میں آغاز ہو رہا ہے افتتاحی میچ میں نیپال اور متحدہ عرب امارات مدمقابل ہوں گے۔
ویمنز ایشیا کپ 2024 کا آج سے سری لنکا کے شہر دمبولا میں آغاز ہو رہا ہے افتتاحی مقابلہ نیپال اور یو اے ای کی ٹیموں کے درمیان ہوگا جب کہ شام میں ہائی وولٹیج پاک بھارت ٹاکرا ہوگا۔
ٹورنامنٹ سے ایک روز قبل دمبولا اسٹیڈیم میں ٹرافی کی رونمائی ہوئی جس میں شریک تمام 8 ٹیموں کی کپتانوں نے تصاویر بنوائیں۔
فوٹو شوٹ کے دوران کھلاڑیوں نے موج مستی کی اور ڈانس مووز بھی دکھائے۔
ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شامل ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے تک جائیں گی۔
گروپ اے میں پاکستان کے ساتھ روایتی حریف بھارت، نیپال اور یو اے ای جب کہ گروپ بی میں میزبان سری لنکا سمیت بنگلہ دیش، ملائیشیا اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔
28 جون تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں فائنل اور دو سیمی فائنلز سمیت 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں بھارتی ٹیم دفاعی چیمپئن ہے۔