منگل, دسمبر 24, 2024
اشتہار

ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

اشتہار

حیرت انگیز

ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں آخری گروپ میچ میں نیوزی لینڈ سے بدترین شکست کے بعد پاکستان ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

یو اے ای میں کھیلے جا رہے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ اے آخری راؤنڈ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان ٹیم کو 54 رنز کی بدترین شکست سے دوچار کر کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔

میچ میں پاکستانی بولرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فیلڈرز کی جانب سے کئی کیچز ڈراپ کیے جانے کے باوجود نیوزی لینڈ کو مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر صرف 110 رنز تک محدود کر دیا تھا، تاہم گرین شرٹس بیٹرز نے اپنی بولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا اور مکمل 20 اوورز بھی کھیل سکیں۔ پوری ٹیم 11.4 اوورز میں صرف 56 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

- Advertisement -

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 111 رنز کے کم ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز تباہ کن ہوا اور پہلے پاور پلے میں صرف 28 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ ایسے میں کپتان فاطمہ ثنا نے کچھ مزاحمت کی لیکن دیگر کھلاڑیوں کی جانب سے انہیں مدد نہ مل سکی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا (21) اور منیبہ علی (15) رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں داخل ہو سکیں جب کہ چار بیٹرز کو تو رنز کا کھاتہ کھولنے کا ہی موقع نہ مل سکا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ایملی کیر نے تین، ایڈن کارسن نے دو جب کہ روز میری، لی تاہو، فرین جونس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کیویز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 110 رنز بنائے۔ سوزی بیٹس (28) اور بروک ہلیڈی (22) رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

گروپ اے سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جب کہ پاکستان، سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں خالی ہاتھ واپس لوٹیں گی۔

گروپ بی سے انگلینڈ کی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ آج ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے میچ کے نتیجے پر منحصر ہے۔

اگر ویسٹ انڈیز میچ ہاری تو جنوبی افریقہ جو دو میچ جیت کر پوائنٹ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔ اگر ویسٹ انڈیز نے میچ جیتا تو جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز دونوں کے یکساں پوائنٹ ہو جائیں گے اور سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا جس میں فی الوقت ویسٹ اندیز آگے ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں