آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کھانے والی اسکاٹ لینڈ نے تھائی لینڈ کو باآسانی شکست دیدی۔
اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں ہونے والے میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے 41 اوورز میں 206 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، کیتھرین برائس نے 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، میگن میکوئل نے 57 جبکہ ایلیسا لیسٹر 38 رنز بناکر نمایاں رہی۔
تھائی لینڈ کی جانب سے تھیپاتا موتھا وانگ اور اونیکا کمچمپو نے3،3 وکٹیں اپنے نام کیں، نٹایا بوچاتھم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں تھائی ٹیم 148 رنز پر ہمت ہارگئی، نتھاکھم چنتھم نے 63 رنز کی اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت کی، ان کے علاوہ نٹایا بوچاتھم نے 20 اور چنیڈا ستینگ نے 18 رنز اسکور کیے۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے ابطحیٰ مقصود، رچل سلیٹر اور کیتھرین فریزر نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
اسکاٹ لینڈ کی کیتھرین فریزر کو عمدہ بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیاگیا، انھوں نے 28 رنز دیکر 3 تھائی کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان کا فاتحانہ آغاز